اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے بیانیے کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا اور انہیں معاشرے میں اپنا نظریہ پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اسلام آباد میں پیغامِ امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے بتایا کہ کمیٹی پشاور کا دورہ کرے گی، جہاں تمام مکاتبِ فکر کے علما سے ملاقاتیں کی جائیں گی تاکہ یہ پیغام دیا جا سکے کہ اسلام امن، رواداری اور بھائی چارے کا دین ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ سوال اہم ہے کہ اسلام کے نام پر بھارت سے فنڈنگ لے کر پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیاں کیسے کی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق دہشتگردی ایک منظم نیٹ ورک کے تحت چلائی جا رہی ہے، جبکہ افغان حکومت کے بھارت کے ساتھ بڑھتے روابط بھی تشویشناک ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ فتنہ خوارج اور فتنہ الہندوستان کے عزائم آئے روز بے نقاب ہو رہے ہیں، تاہم وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے اور قومی بیانیے کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیغامِ امن کمیٹی میں اقلیتی نمائندے بھی شامل ہیں اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کمیٹی دہشتگردی کے بیانیے کا مؤثر جواب دے گی اور ملک میں امن و ہم آہنگی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔