اسلام آباد: وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر دہشتگردوں سے ہمدردی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں دہشتگردوں سے اتنی ہی محبت ہے تو افغانستان چلے جائیں، ورنہ ہم خود آپ کو وہاں چھوڑ کر آئیں گے۔
پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو سیاسی طور پر ناپختہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں انڈر نائنٹین بچے جیسا رویہ ترک کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے دو درجن سے زائد ممالک افغانستان کو دہشتگردی کا مرکز قرار دے چکے ہیں، اس کے باوجود ریاست کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیرِ مملکت کا کہنا تھا کہ چاہے وزیراعلیٰ ہو یا کوئی عام سیاسی رہنما، پاکستان مخالف بیانیہ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ دہشتگردوں کے حمایتیوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور پاکستانیوں کے خون سے کھیلنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔
طلال چوہدری نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف کی پرانی پالیسی رہی ہے کہ وہ دہشتگرد کو دہشتگرد کہنے سے گریز کرتی ہے، حالانکہ پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں کے رہنماؤں پر دہشتگرد حملے ہو چکے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ سہیل آفریدی تین صوبوں میں گئے مگر کسی شہید کے گھر تعزیت کے لیے کیوں نہیں پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی تحریک چلانا ہر کسی کا حق ہے، تاہم ملکی استحکام کے خلاف رویہ ناقابل برداشت ہے اور ریاست ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔