"ملکہ تبسم"  نے دل جیت لیے

کراچی:"ملکہ تبسم" نے دل جیت لیے ۔ "ملکہ تبسم" میں بشری انصاری کی پرفارمنس کی تعریفیں کی جارہی ہیں اور شائقین سمیت فنکار بھی ان کی پرفارمنس کو سراہ رہے ہیں۔  بشریٰ انصاری کی  طرف سے سٹینڈ اپ تھیٹر کامیڈی شو ’ملکہ تبسم‘ میں شاندار پرفارمنس دیے جانے پر شوبز شخصیات سمیت مداحوں کی جانب سے ان کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

بشریٰ انصاری کے تھیٹر کامیڈی شو ’ملکہ تبسم‘ کو گزشتہ ہفتے تین جولائی سے کراچی آرٹس کونسل آف پاکستان میں یومیہ کی بنیاد پر پیش کیا جا رہا ہے۔تھیٹر کامیڈی شو کی ہدایات داور محمود نے دی ہیں اور اس کا سکرپٹ سید نینی نے لکھا ہے اور شو میں اداکارہ اپنی زندگی کے سچے واقعات بھی بتاتی سنائی دیتی ہیں۔’ملکہ تبسم‘ بشریٰ انصاری کا اب تک کا پہلا سٹینڈ اپ کامیڈی تھیٹر شو ہے، اس سے قبل وہ ٹی وی پر دیگر ساتھی اداکاروں کے ہمراہ کامیڈی شوز کرتی رہی ہیں۔تقریبا سوا گھنٹے دورانیے کے شو میں بشریٰ انصاری اپنی زندگی کے سچے واقعات سمیت ملک کے حالیہ واقعات اور ماضی پر بھی اچھوتے انداز میں گفتگو کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

اگرچہ ملکہ تبسم کامیڈی شو ہے لیکن اس میں انتہائی حساس معاملات پر مزاحیہ انداز میں کھل کر بات کی گئی ہے اور بشریٰ انصاری اپنے مخصوص انداز میں ملک کی سیاست اور حالات پر بھی بات کرتی دکھائی دیتی ہیں۔انور مقصود ،ہدایت کار وجاہت رؤف، پروڈیوسر شازیہ وجاہت، اداکار عمران اشرف، اداکارہ صبا حمید سمیت دیگر شوبز شخصیات نے بھی ’ملکہ تبسم‘ دیکھنے کے بعد بشریٰ انصاری کی تعریفیں کیں اور مداحوں کو بھی تجویز دی کہ وہ لازمی کامیڈی شو دیکھنے جائیں۔

’ملکہ تبسم‘ کو آئندہ ماہ اگست کے وسط تک کراچی آرٹس میں یومیہ بنیادوں پر دکھائے جانے کا امکان ہے، اس کے بعد مذکورہ شو کو پہلے دارالحکومت اسلام آباد اور بعد ازاں لاہور میں دکھایا جائے گا۔

مصنف کے بارے میں