Get Alerts

اسلام آباد کی عدالت کا بڑا فیصلہ: پانچ یوٹیوب چینلز پر پابندی عارضی طور پر ختم

اسلام آباد کی عدالت کا بڑا فیصلہ: پانچ یوٹیوب چینلز پر پابندی عارضی طور پر ختم

اسلام آباد:اسلام آباد کی ضلعی عدالت میں 27 معروف یوٹیوب چینلز کی بندش سے متعلق کیس میں اہم تبدیلی سامنے آئی ہے، جہاں مزید پانچ یوٹیوبرز کے چینلز کی بندش کا فیصلہ معطل کر دیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے سنایا، جنہوں نے مخدوم شہاب الدین، اوریا مقبول جان، عبدالقادر، عزیر انور اور عمیر رفیق کی اپیلوں پر سماعت کی۔ اپیل کنندگان نے جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کے اس فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی تھی، جس میں ایف آئی اے کی سفارش پر ان کے یوٹیوب چینلز بند کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

دوسری جانب سینئر صحافی حبیب اکرم کی غیر موجودگی کے باعث ان کی اپیل پر سماعت ملتوی کر دی گئی، اور انہیں 14 جولائی کو دلائل کے لیے عدالت میں طلب کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل عدالت نے مطیع اللہ جان اور اسد طور کے چینلز پر پابندی بھی عارضی طور پر ختم کر دی تھی۔ ان کے وکلا کا کہنا تھا کہ متعلقہ فریقین کو سنے بغیر فیصلہ صادر کیا گیا، جو آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

واضح رہے کہ 8 جولائی کو جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے ایف آئی اے کی انکوائری کی بنیاد پر 27 یوٹیوب چینلز کو بند کرنے کا حکم جاری کیا تھا، جس کے مطابق ان چینلز پر ریاست مخالف مواد نشر کیا جا رہا تھا۔

ٹیگز: