لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مون سون بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ بارشوں کے دوران کسی قسم کی کوتاہی یا غیر ذمہ داری برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پانی کی فوری نکاسی کے لیے واسا آپریشنز کی مسلسل نگرانی اور مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔
مریم نواز نے کہا کہ شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے پیشگی اقدامات کریں اور فیلڈ میں فعال رہیں۔
وزیراعلیٰ نے پی ڈی ایم اے کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔