لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مون سون بارشوں کے پیش نظر شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے، برساتی نالوں میں طغیانی اور دیگر ممکنہ ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو اپنی تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔
لاہور میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال پر فوری ردعمل یقینی بنایا جائے۔
مریم نواز نے واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) کی ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی شکایات کو بلا تاخیر نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر شکایت اور اس کے ازالے کا مکمل ریکارڈ بھی مرتب کیا جائے تاکہ کارکردگی کا مؤثر جائزہ لیا جا سکے۔
انہوں نے دریاؤں، ڈیموں اور بیراجوں میں نہانے پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کا بھی حکم دیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی کی جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ مون سون کے دوران عوام کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے اور تمام ادارے باہمی تعاون سے کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔