عمران خان کو عوام کے معاشی قتل کی اجازت نہیں دیں گے: بلاول بھٹو

عمران خان کو عوام کے معاشی قتل کی اجازت نہیں دیں گے: بلاول بھٹو
سورس: file

اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کو غریب عوام پر معاشی حملہ قرار دے دیا،کہتے ہیں نام نہاڈ غریب دوست بجٹ نے عوام کے منہ سے روٹی کا آخری لقمہ بھی چھین لیا۔

اسلام آباد سے جاری اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے  کہا اگر مہنگائی تاریخی ہے، بیروزگاری تاریخی ہے، غربت تاریخی ہے تو بجٹ کیسے عوامی ہوسکتا ہے، جب پی ٹی آئی اپنا عوام دشمن بجٹ پیش کررہی تھی تو پارلیمان کے باہر سرکاری ملازمین مہنگائی کی دہائیاں دے رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سال بدل گیا مگر عوام کے حالات نہ بدلے، بجٹ آگیا مگر غریب کے گھر کا چولہا آج تک بجھا ہوا ہے، عوام جان چکے ہیں کہ بڑی بڑی باتیں کرنا عمران خان کی عادت ہے۔

بلاول بھٹو کا کہناتھا کہ وزیراعظم عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکے، بجٹ 2021 کو پیش کرکے عمران خان نے اپنا غریب دشمن اور عوام دشمن ایجنڈا واضح کردیا، پاکستان پیپلزپارٹی عمران خان کو عوام کے معاشی قتل عام کی اجازت نہیں دے گی۔