Get Alerts

چائلڈ لیبر ناقابل برداشت ہے، بچے میری ریڈ لائن ہیں: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف

چائلڈ لیبر ناقابل برداشت ہے، بچے میری ریڈ لائن ہیں: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بچوں سے جبری مشقت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ "بچے میری ریڈ لائن ہیں" اور چائلڈ لیبر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج کے جدید دور میں بھی بچوں سے مزدوری جیسے افسوسناک واقعات معاشرے کے لیے ایک تلخ حقیقت اور باشعور لوگوں کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ بچوں کے ہاتھ میں کتاب، قلم اور لیپ ٹاپ ہونا چاہیے، نہ کہ اوزار یا اینٹیں۔

وزیراعلیٰ نے کم عمر بچوں سے مشقت کو صرف ایک سماجی مسئلہ نہیں بلکہ نسلوں کے مستقبل کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم بچوں کا بچپن محفوظ نہیں بنائیں گے تو آنے والے وقت میں معاشرہ فعال اور تعلیم یافتہ شہریوں سے محروم رہ جائے گا۔

مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب حکومت بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے چائلڈ پروٹیکشن پالیسی نافذ کی، اور ورچوئل چائلڈ سیفٹی اسٹیشن قائم کر کے بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کی نئی راہ ہموار کی۔

انہوں نے کہا کہ جبری مشقت سے متاثرہ بچوں کو تعلیم کی طرف لانے کی بھرپور کوششیں جاری ہیں تاکہ وہ ایک روشن اور محفوظ مستقبل کی طرف بڑھ سکیں۔

اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعلیٰ پنجاب نے عزم ظاہر کیا کہ وہ ایسا پنجاب دیکھنا چاہتی ہیں جہاں ہر بچہ مزدوری کے بجائے تعلیم حاصل کرے اور ملک و قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے۔

ٹیگز: