اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن (ترمیم) بل 2026 کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ صدر کی جانب سے دستخط کیے جانے کے بعد پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے تمام لازمی قانونی رکاوٹیں ختم ہو گئی ہیں۔
یہ بل رواں ہفتے 10 جون 2026 کو سینیٹ سے پاس ہوا، جس کے فوری بعد 11 جون کو قومی اسمبلی نے بھی اس کی توثیق کر دی تھی۔ دونوں ایوانوں سے منظوری کے بعد بل کو حتمی دستخطوں کے لیے صدرِ مملکت کو بھیجا گیا تھا، جس کی منظوری آج دے دی گئی ہے۔
اس بل کے قانون بننے کے بعد اب حکومت کے لیے پی آئی اے کے مالیاتی امور کو سلجھانے اور اس کی نجکاری کے عمل کو حتمی شکل دینا قانونی طور پر ممکن ہو گیا ہے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ملکی معیشت پر خسارے میں چلنے والے اداروں کا بوجھ کم کرنے کی پالیسی کا ایک اہم حصہ ہے۔