اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد وفاقی بجٹ 2026-27 آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں بجٹ کی منظوری دی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بجٹ کو محنت اور خلوص کے ساتھ تیار کیا گیا ہے اور اس میں عوام کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی گئی ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کچھ دیر بعد قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے۔ذرائع کے مطابق بجٹ میں پٹرولیم لیوی کی مد میں 1727 ارب روپے وصول کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مختلف مشروبات پر ٹیکسوں میں کمی، جبکہ زرعی شعبے پر مزید ٹیکسوں میں اضافے کی تجاویز شامل ہیں۔
بجٹ میں چھوٹی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس بڑھانے، بیکری آئٹمز، کھاد اور کیڑے مار ادویات پر نئے ٹیکس عائد کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
اسی طرح پراپرٹی سیکٹر پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی آمدن پر ٹیکس لگانے اور میک اپ و کاسمیٹکس مہنگے ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔