کرونا وائرس کے پیش نظر آرمی چیف کی پاک فوج کو اہم ہدایات

کرونا وائرس کے پیش نظر آرمی چیف کی پاک فوج کو اہم ہدایات

راولپنڈی:پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ خطے میں امن اور استحکام کا راستہ افغانستان سے ہو کر آتا ہے،مشترکہ کوششوں اور تحمل سے تمام چیلنجز پر قابو پایا جاسکتا ہے، پاکستان پوری سنجیدگی سے خطے میں امن واستحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

جمعرات کو پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں ملکی سلامتی اور سرحدوں کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈر کانفرنس میں کورونا وائرس سے پیدا ہونیوالی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر کورونا وائرس کے پیش نظر فوج کی سطح پر احتیاطی تدابیر پر بھی بریفنگ دی گئی جس پر آرمی چیف نے قومی کوششوں میں کردار ادا کرنے کے لیے ہدایات جاری کر دیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق کورونا وائرس کے ملک میں وبائی شکل اختیار کرنے کی صورت میں فوج امدادی کارروائیوں کے لیے تیار ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ کور کمانڈرز نے لائن آف کنٹرول کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا، اجلاس میں قومی و علاقائی سطح پر جیو اسٹریجک ماحول پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں افغان امن عمل پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔