کرونا وائرس کی روک تھام،چین نے تعطیلات میں توسیع کردی

کرونا وائرس کی روک تھام،چین نے تعطیلات میں توسیع کردی

بیجنگ:چین نے کرونا وائرس کے نمونیا کو پھیلنے سے روکنے کے لئے سپرنگ فیسٹیول کی تعطیلات میں توسیع اور پیر کو اسکول کھولنے کا فیصلہ ملتوی کردیا ہے،مزید برآں ملک کے مختلف علاقوں میں ذرائع آمدورفت پر پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔اسٹیٹ کونسل کے جنرل آفس کے مطابق سپرنگ فیسٹیول کی30جنوری کو ختم ہونے والی تعطیلات کو2فروری تک بڑھادیا گیا ہے اور ملک بھر میں یونیورسٹیز،پرائمری،مڈل اسکولز اور کنڈر گارٹنز میں سپرنگ سیمسٹر کا آغاز تاحکم ثانی ملتوی رہے گا۔


چین کے محکمہ صحت کے حکام نے پیر کو نوول کرونا وائرس سے اتوار تک 2ہزار744 کیسز کی تصدیق کی ہے جن میں سے 461 مریضوں کی حالت نازک ہے۔سیاحتی مقامات،میوزیمز کی عارضی بندش اور اجتماعات کے انعقاد کو ملتوی کرنے کے ساتھ ایسے وقت میں اگرچہ ملک میں سپرنگ فیسٹیول کے لئے سفری ہجوم کی صورتحال موجود ہے،مختلف علاقوں میں ذرائع آمدورفت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔پیر کو بندرگاہ والے شمالی شہر تیان جن اور مشرقی صوبوں ژیجیانگ اور انہوئی میں بین الصوبائی مسافر بس سروس کو معطل کر دیا گیا ہے ،اس سے قبل شنگھائی اور چھنگ ہائی صوبوں میں بھی اسی قسم کی مسافر بس سروس کو معطل کیاجاچکا ہے۔

بیجنگ میں 55 سب وے اسٹیشنوں سمیت ریلوے اسٹیشنز کے سٹاپس اور بیجنگ کیپٹل انٹرنیشنل ائر پورٹ پر درجہ حرارت بتانے والے آلات نصب کئے گئے ہیں۔غیرمعمولی درجہ حرات والے افراد کو ہسپتالوں میں بیجھوائے جائے گا۔بیجنگ کے سب وے اسٹیشنوں اور بسوں میں صفائی ستھرائی اور جراثیم کے خاتمے کے اقدامات میں بھی اضافہ کیاگیا ہے۔ٹرینوں کی ہر بوگی کو روزانہ کی بنیاد پر جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے۔

سب وے اسٹیشنوں کے داخلی اور خارجہ راستوں،برقی زینوں،خودکار مشینوں ، ٹوائلٹز اور دیگرعوامی جگہوں کو ہر دن میں تین مرتبہ جراثیم سے پاک کرنے کاعمل جاری ہے۔تیان جن نے تمام ٹیکسی ڈرائیوروں اور مسافروں کو ماسک پہننے اور ڈرائیوروں کو ہر سواری بٹھانے کے بعد گاڑی کو جراثیم سے پاک کرنے کی ہدایت دی ہے۔ریلوے چین کے لان ژو بیورو نے پیر کو گوانگ ژو ،ژینگ ژو اور شی آن کے لئے 8فروری تک ٹرین سروس معطل کردی ہے۔اس کے علاوہ دیہی علاقوں میں بھی سخت اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔