پاک، افغان ٹرانسپورٹرز کی پاکستان اور افغانستان داخلے کیلئے نئی پالیسی کا اجراء

پاک، افغان ٹرانسپورٹرز کی پاکستان اور افغانستان داخلے کیلئے نئی پالیسی کا اجراء

کراچی: پاکستان اور افغانستان کی وزارت تجارت نے پاک، افغان ٹرانسپورٹرز کی پاکستان اور افغانستان میں داخلے کیلئے نئی پالیسی جاری کر دی ہے جس کا اطلاق 21 مارچ سے ہو گا۔ 
تفصیلات کے مطابق پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے چیئرمین زبیر موتی والا نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئی متفقہ پالیسی کے تحت افغان ٹرانسپورٹرز کابل میں پاکستانی سفارت خانے اور قندھار میں اپنے قونصل خانے سے عارضی داخلہ دستاویز (ٹی اے ڈی) حاصل کر سکیں گے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹرانسپورٹرز پشاور اور کوئٹہ میں افغان قونصل خانوں سے یہ دستاویز حاصل کر سکیں گے جبکہ دونوں ممالک کے ٹرانسپوٹرز کو فراہم کی جانے والی عارضی داخلے کی دستاویز ”ٹی اے ڈی“ کی مدت چھ ماہ ہوگی جسے متعدد اندراجات کیلئے استعمال کیا جا سکے گا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ اقدام ناصرف دونوں ممالک کے درمیان ٹرکوں کی آزادانہ نقل و حمل کی اجازت دے گا بلکہ CAR کے ساتھ ٹرانزٹ ٹریڈ کیلئے نقل و حمل میں بھی آسانی ہو گی جس سے دونوں ممالک کے تجارتی اور اقتصادی تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔ 
انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی پر عملدرآمد سے پاکستان اور افغانستان کی ایک دوسرے کی مارکیٹوں تک رسائی، کاروبار کی لاگت میں کمی، روزگار پیدا کرنے کے ساتھ دونوں حکومتوں کی محصولات میں اضافہ ہو گا۔ 

مصنف کے بارے میں