اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 13 رنز سے ہرا دیا

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 13 رنز سے ہرا دیا

راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے 29 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 13 رنز سے شکست دیدی ہے۔ 
پنڈی کلب گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے محمد حارث کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔ محمد حارث 39 گیندوں پر 5 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 79 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ بھنوکا راجا پاکسا 41، ٹام کوہلر کیڈمور 12، حسیب اللہ خان 10، جیمی نیشام 1، عامر جمال 9، خرم شہزاد 11، مجیب الرحمن 2 اور سفیان مقیم 2 رنز بنا سکے۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن علی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 39 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور شاداب خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ فضل حق فاروقی، فہیم اشرف اور محمد وسیم جونیئر ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 19.4 اوورز میں 166 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ فہیم اشرف 38 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ ایلکس ہیلز 15، صہیب مقصود 15، کولن منرو 15، رحمن اللہ گرباز 33، شاداب خان 25، آصف علی 5 اور محمد وسیم جونیئر 14 رنز بنا سکے۔ 
پشاور زلمی کی جانب سے خرم شہزاد سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 1.4 اوورز میں 13 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور سفیان مقیم نے بھی 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عامر جمال اور جیمی نیشام نے 2,2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 
واضح رہے کہ میچ کیلئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ایلکس ہیلز، حسن نواز، رحمن اللہ گرباز، صہیب مقصود، کولن منرو، آصف علی، فہیم اشرف، محمد وسیم، حسن علی اور فضل حق فاروقی شامل تھے۔ 
پشاور زلمی کی قیادت ٹام کوہلر کیڈمور نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب، محمد حارث، حسیب اللہ خان، بھانوکا راجاپاکسا، جیمی نیشام، عامر جمال، مجیب الرحمن، خرم شہزاد، سلمان ارشاد اور سفیان مقیم شامل تھے۔ 

مصنف کے بارے میں