لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے مایہ ناز اور ورسٹائل اداکار عاصم بخاری طویل علالت کے بعد خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ ان کی عمر 76 برس تھی۔ وہ گزشتہ کئی روز سے لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں زیرِ علاج تھے، جہاں گزشتہ رات طبیعت بگڑنے پر وہ کومے میں چلے گئے اور جانبر نہ ہو سکے۔
خاندانی ذرائع اور ڈاکٹروں کے مطابق عاصم بخاری گزشتہ کچھ عرصے سے دل اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ گزشتہ پندرہ روز سے ان کی حالت تشویشناک تھی جس کے باعث انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ڈاکٹروں کی تمام تر کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے اور آج صبح انتقال کر گئے۔
عاصم بخاری کا شمار پاکستان کے ان معدودے چند فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے فنِ اداکاری کے تینوں شعبوں یعنی فلم، ٹی وی اور اسٹیج پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔انہوں نے پی ٹی وی کے سنہری دور سے لے کر جدید ڈرامہ نگاری تک بے شمار یادگار کردار ادا کیے۔ شوبز حلقوں میں انہیں نہ صرف ایک تجربہ کار فنکار بلکہ ایک شفیق استاد کے طور پر بھی جانا جاتا تھا۔ انہوں نے درجنوں نئے آنے والے فنکاروں کی تربیت کی اور ان کے کیریئر کی بنیاد رکھی۔
ان کے انتقال کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس سے پوری فنی برادری سوگوار ہو گئی۔ سینئر اداکاروں، پروڈیوسرز اور مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا تانتا بندھ گیا ہے۔