واشنگٹن : امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان براہ راست مذاکرات کی حمایت کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کی کوششوں کو سراہتا ہے۔
یہ بات انہوں نے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کہی، جس میں دونوں رہنماؤں نے جنوبی ایشیا کی کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ مارکو روبیو اور ڈیوڈ لیمی نے پاکستان اور بھارت پر زور دیا کہ وہ رابطے برقرار رکھیں اور جنگ بندی کا احترام کریں۔
امریکی وزیر خارجہ نے اس سلسلے میں جرمن چانسلر فریڈرک مرز سے بھی الگ بات چیت کی، جس میں یوکرین جنگ پر امریکہ کے مؤقف کی توثیق کی گئی۔ یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ دنوں میں شدید جھڑپیں ہوئی تھیں، جنہیں 1999 کے کارگل تنازعے کے بعد سب سے سنگین کشیدگی قرار دیا جا رہا ہے۔ دس مئی کی شام عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا گیا، تاہم اس کے باوجود بھارت کی جانب سے ایل او سی پر فائرنگ جاری رہی۔