واشنگٹن: وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکی دارالحکومت میں اپنے امریکی ہم منصب مارکو روبیو سے ملاقات کی، جس میں پاک امریکہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور خطے سمیت عالمی سطح پر بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ انسداد دہشتگردی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں اشتراک کار کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
دفتر خارجہ نے بتایا کہ دونوں فریقین نے پاک امریکہ شراکت داری کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
امریکی وزیر خارجہ نے خطے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی اور مصالحتی کوششوں کو سراہا۔