کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئی ہیں، تاہم اس بار ان کے چرچے کسی نئے ڈرامے یا فلم کے باعث نہیں بلکہ انسٹاگرام اکاؤنٹ میں کی گئی غیر معمولی تبدیلیوں کی وجہ سے ہو رہے ہیں۔
پاکستان سمیت بیرونِ ملک بھی بڑی تعداد میں مداح رکھنے والی ہانیہ عامر کو سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی پاکستانی اداکاراؤں میں شمار کیا جاتا ہے، جبکہ ان کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
اداکارہ نہ صرف اپنی کامیاب ڈرامہ سیریلز بلکہ ذاتی زندگی کے حوالے سے بھی اکثر خبروں میں رہتی ہیں۔ خاص طور پر گلوکار عاصم اظہر کے ساتھ ان کے تعلقات سے متعلق افواہیں گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔
حال ہی میں ہانیہ عامر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی پروفائل تصویر تبدیل کرتے ہوئے اپنی شناختی کارڈ والی تصویر لگائی، جس نے مداحوں کو حیران کر دیا۔ اس کے ساتھ انہوں نے اپنی متعدد پرانی پوسٹس بھی حذف یا آرکائیو کر دیں، جس کے بعد ان کے اکاؤنٹ پر صرف چند پوسٹس باقی رہ گئی ہیں۔
اداکارہ کی اس تبدیلی پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردِعمل سامنے آئے۔ کئی مداحوں نے ان کی شناختی کارڈ تصویر کو غیر معمولی خوبصورت قرار دیا، جبکہ بعض صارفین نے مزاحیہ تبصرے بھی کیے کہ شاید صرف ہانیہ عامر ہی شناختی کارڈ کی تصویر میں بھی اتنی پُراعتماد اور دلکش دکھائی دے سکتی ہیں۔
دوسری جانب کچھ ناقدین نے اس اقدام کو توجہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا، جبکہ مداحوں کی بڑی تعداد نے اسے ہانیہ عامر کا منفرد انداز اور جرات مندانہ فیصلہ کہا۔
اسی دوران کئی صارفین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آیا اداکارہ خیریت سے ہیں یا نہیں۔