Get Alerts

کراچی: کیمبرج امتحانات کے پیپر لیک ہونے کا سلسلہ تھم نہ سکا؛ ریاضی کا پرچہ بھی وقت سے پہلے آؤٹ

کراچی: کیمبرج امتحانات کے پیپر لیک ہونے کا سلسلہ تھم نہ سکا؛ ریاضی کا پرچہ بھی وقت سے پہلے آؤٹ

کراچی : کراچی میں کیمبرج انٹرنیشنل ایگزامینیشنز (CIE) کے تحت جاری امتحانات میں سیکیورٹی اور شفافیت کے حوالے سے سنگین سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔ آج ہونے والا میتھ پیپر 2 وقت سے پہلے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لیک ہو گیا۔
نمائندہ نیونیوز کراچی  سمعیہ خورشید کے مطابق، کیمبرج کے پرچوں کے لیک ہونے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ حالیہ دنوں میں تعلیمی حلقوں میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے کیونکہ     آج کا ریاضی کا پرچہ امتحان شروع ہونے سے کئی گھنٹے قبل ہی مختلف سوشل میڈیا گروپس اور اکاؤنٹس پر گردش کرنے لگا۔    اس سے قبل اے لیول ریاضی، او لیول ریاضی اور کیمسٹری کے پرچے بھی اسی طرح وقت سے پہلے منظرِ عام پر آ چکے ہیں۔
وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کیمبرج کے پرچوں کے مبینہ طور پر لیک ہونے کے واقعات پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس معاملے پر فوری نوٹس لیتے ہوئے کہا  ہم کسی کو محنتی طلبہ کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ گزشتہ سال بھی ایسے ہی واقعات سامنے آئے تھے جو کہ انتہائی افسوسناک ہیں۔
وزیر تعلیم نے کیمبرج انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اپنے امتحانی نظام کو مزید محفوظ اور مضبوط بنائیں تاکہ طلبہ کی محنت ضائع نہ ہو اور امتحانات کی ساکھ برقرار رہے۔

ٹیگز: