Get Alerts

کیمبرج میتھ کا پرچہ لیک: پاکستان بھر میں امتحان منسوخ، دوبارہ انعقاد کا فیصلہ

کیمبرج میتھ کا پرچہ لیک: پاکستان بھر میں امتحان منسوخ، دوبارہ انعقاد کا فیصلہ

کراچی:کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن (CIE) کے تحت ہونے والے اے لیول میتھ کے پرچے کے حوالے سے تشویشناک صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ کراچی میں پرچہ لیک ہونے کی تصدیق کے بعد کیمبرج حکام نے پاکستان بھر میں 15 مئی کو ہونے والا ریاضی (میتھ پیپر 32) کا امتحان ملتوی کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، اے لیول میتھ کا پیپر 32 امتحان سے قبل ہی زون تھری اور فور میں سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع پر شیئر ہونے کا انکشاف ہوا۔ کیمبرج حکام نے تحقیقات کے بعد پرچہ لیک ہونے کی باقاعدہ تصدیق کی اور اسے فوری طور پر منسوخ کرنے کا حکم جاری کیا۔
کیمبرج انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے یہ امتحان اب دوبارہ لیا جائے گا۔امتحان کی نئی تاریخ کا اعلان 22 مئی تک متوقع ہے۔    نتائج کی تاریخ: امتحانات میں اس اچانک تبدیلی کے باوجود نتائج کے اعلان کی تاریخ متاثر نہیں ہوگی اور کیمبرج کے طلبہ کے نتائج کی تاریخ 11 اگست ہی برقرار رہے گی۔
کیمبرج حکام نے اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پرچہ لیک ہونے کو "غیر معمولی اور مجرمانہ عمل" قرار دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس گھناؤنے فعل میں ملوث افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کا تدارک ہو سکے۔
اس اچانک فیصلے سے ملک بھر کے ہزاروں طلبہ میں بے چینی پائی جاتی ہے، تاہم کیمبرج نے یقین دلایا ہے کہ وہ طلبہ کے تعلیمی مستقبل کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔

ٹیگز: