Get Alerts

سندھ طاس معاہدہ: پاکستان کا ثالثی عدالت کےحالیہ فیصلوں کا خیر مقدم

 سندھ طاس معاہدہ: پاکستان کا ثالثی عدالت کےحالیہ فیصلوں کا خیر مقدم

اسلام آباد : پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت کے خلاف شروع کی گئی ثالثی کارروائی کے سلسلے میں ثالثی عدالت اور غیر جانب دار ماہر کے حالیہ فیصلوں کا خیرمقدم کیا ہے، جن میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی غیر حاضری کے باوجود ویانا میں طے شدہ شیڈول کے مطابق کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت کے خلاف پاکستان کی جانب سے شروع کی گئی ثالثی کارروائی کے دوران ثالثی عدالت نے کچھ اہم امور پر وضاحت فراہم کی ہے۔ یہ وضاحت 8 اگست 2025 کو جاری کیے گئے "عام تشریحی معاملات سے متعلق ایوارڈ" کے حوالے سے کی گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے ثالثی عدالت کے فیصلے اور اس کے ساتھ جاری کردہ "عملی احکامات" کا نوٹس لیا ہے، جن میں عدالت نے کہا ہے کہ کارروائی مرحلہ وار جاری رکھی جائے گی اور غیر جانب دار ماہر کے تحت جاری عمل کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔

اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بھارت کی درخواست پر غیر جانب دار ماہر کے تحت کارروائی شروع کی گئی تھی، اور اس کا اگلا مرحلہ 17 سے 21 نومبر 2025 تک ویانا میں طے ہے۔ تاہم، بھارت نے اپنی شرکت روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے باوجود پاکستان اس عمل میں نیک نیتی کے ساتھ مکمل طور پر شریک رہے گا۔

وزارتِ خارجہ نے مزید کہا کہ غیر جانب دار ماہر نے واضح کیا ہے کہ بھارت کی عدم شرکت کے باوجود کارروائی کی پیشرفت میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی اور یہ عمل طے شدہ منصوبے کے مطابق جاری رہے گا۔

ٹیگز: