Get Alerts

خیبر پختونخوا میں بدامنی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے امن جرگہ، وزیراعلیٰ و گورنر کی مشترکہ اپیل،اتحاد اور پالیسی پر زور

خیبر پختونخوا میں بدامنی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے امن جرگہ، وزیراعلیٰ و گورنر کی مشترکہ اپیل،اتحاد اور پالیسی پر زور

پشاور:خیبر پختونخوا میں بدامنی کے خاتمے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے صوبائی حکومت کے زیرِ اہتمام پشاور میں امن جرگہ جاری ہے، جس میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، مذہبی تنظیموں، قبائلی عمائدین اور ارکانِ اسمبلی نے شرکت کی۔

جرگے سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبہ وفاق سے محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ’’ہم چاہتے ہیں کہ خیبر پختونخوا میں امن، ترقی اور خوشحالی ہو،‘‘ انہوں نے کہا۔ گورنر کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت وفاق کے سامنے اپنے مسائل دلائل اور حقائق کی بنیاد پر پیش کرے گی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سہیل خان آفریدی نے کہا کہ ’’دہشتگردی ختم کیے بغیر امن قائم نہیں ہوسکتا۔ ان کے مطابق دہشتگردی کا ناسور گزشتہ 20 سال سے خیبر پختونخوا کو کھا رہا ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ تمام قوتیں متحد ہو کر ایک مشترکہ حکمتِ عملی اپنائیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومتی ارکان کو چاہیے کہ وہ وفاق کے سامنے صوبے کا مقدمہ مؤثر انداز میں لڑیں، تاکہ صوبے کے وسائل اور حقوق کی منصفانہ تقسیم ممکن ہو۔

امن جرگے میں شرکاء نے صوبے میں بدامنی، دہشتگردی کے اثرات، وسائل کے استعمال اور بین الپارٹی اتفاقِ رائے پر تفصیلی غور کیا۔ متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کے لیے بات چیت، سیاسی ہم آہنگی اور قومی اتحاد ہی واحد راستہ ہے۔

ٹیگز: