ممنوعہ فنڈنگ، عمران خان کی حفاظتی ضمانت کیلئے دائر درخواست پر رجسٹرار کے اعتراضات

ممنوعہ فنڈنگ، عمران خان کی حفاظتی ضمانت کیلئے دائر درخواست پر رجسٹرار کے اعتراضات

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ممنوعہ فنڈنگ کا مقدمہ درج ہونے کے بعد حفاظتی ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کا مقدمہ درج کیا ہے جس کے بعد انہوں نے گرفتاری سے بچنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کر دی ہے۔ 
عمران خان کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کہ ایف آئی اے نے فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے، عدالت حفاظتی ضمانت منظورکرے تاکہ متعلقہ عدالت میں پیش ہو سکیں۔
رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی درخواست پر اعتراض کیا ہے کہ عمران خان نے بائیو میٹرک نہیں کرائی، ایف آئی آر کی غیر مصدقہ نقل لگائی گئی ہے اور خصوصی عدالت میں جانے سے پہلے ہائیکورٹ کیسے آ سکتے ہیں۔ 
واضح رہے کہ اس ضمن میں درج کی گئی ایف آئی آر میں ابراج گروپ کے اکاو¿نٹ سے 21 لاکھ ڈالر کی رقم کی منتقلی کا ذکر ہے اور مقدمے میں سردار اظہر طارق، طارق شفیع اور یونس عامر کیانی بھی نامزد ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ابراج گروپ نے تحریک انصاف کے اکاؤنٹ میں پیسے بھیجے، یہ پیسے ایک بینک کی جناح ایونیو برانچ میں بھیجے گئے۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے عارف نقوی کا بیان حلفی الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں جمع کرایا تاہم عارف نقوی کا الیکشن کمیشن میں جمع کرایا گیابیان حلفی جھوٹا اورجعلی ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا نجی بینک میں اکاؤنٹ تھا جو نیا پاکستان کے نام پر بنایا گیا، نجی بینک کا منیجر بھی مقدمہ میں نامزد کیا گیا ہے جس نے غیر قانونی بینک اکاؤنٹ آپریٹ کرنے کی اجازت دی۔
مقدمہ ایف آئی اے بینکنگ سرکل تھانے میں درج کیا گیا اور مقدمہ ایف آئی اے کے کارپوریٹ بینکنگ سرکل نے درج کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے فارن ایکسچینج ایکٹ کی خلاف ورزی کی۔ 

مصنف کے بارے میں