ترکی میں مزید دو جرمن شہری گرفتار،ایک کو رہا کردیاگیا

ترکی میں مزید دو جرمن شہری گرفتار،ایک کو رہا کردیاگیا

ٓانقرہ:ترکی میں مزید دو جرمن شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک بیان میں جرمن وزارت خارجہ نے کہاکہ مجموعی طور پر اس وقت بارہ جرمن شہری سیاسی بنیادوں پر انقرہ حکومت کی قید میں ہیں۔جرمن وزارت خارجہ کے مطابق ترک نڑاد دو جرمن شہریوں کو استنبول سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

وزارت خارجہ کے ایک ترجمان مارٹن شیفر کا درالحکومت برلن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ ایسے واضح اشارے ملے ہیں کہ شادی شدہ جوڑے کو اتوار کے روز پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گرفتار ہونے والوں میں سے ایک کو بعدازاں رہا کر دیا گیا لیکن اسے ترکی چھوڑنے کی اجازت نہیں ہے۔

ترک حکومت نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔وزارت خارجہ کے مطابق اس وقت ترک جیلوں میں کم از کم چھپن جرمن شہری قید ہیں اور ان میں سے کم از کم بارہ ایسے ہیں، جنہیں سیاسی بنیادوں پر گرفتار کیا گیا ہے۔ گزشتہ ماہ بھی ترک پولیس نے انطالیہ میں ایک ترک نڑاد جرمن جوڑے کو گرفتار کر لیا تھا۔

بعد ازاں خاتون کو تو رہا کر دیا گیا تھا لیکن مرد ابھی تک جیل میں ہے۔جرمن وزارت خارجہ کے ترجمان کا ترکی جانے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہنا تھاکہ بہت سے جرمن شہری ترکی میں صرف چھٹیاں گزارنے کے لیے گئے تھے لیکن یہ سفر ان کے لیے ڈراونا خواب ثابت ہوا اور متعدد افراد کے لیے یہ ڈراو¿نا خواب ابھی تک جاری ہے۔

جن افراد کو ترکی میں سیاسی بنیادوں پر گرفتار کیا جا چکا ہے ان میں جرمن اخبار ’دی ویلٹ‘ کے ایک صحافی اور انسانی حقوق کے ایک کارکن بھی شامل ہیں۔ ان دونوں جرمن شہریوں کو دہشت گردی سے متعلقہ الزامات کا سامنا ہے۔ ترک حکومت ان گرفتاریوں سے متعلق برلن حکومت کو کہہ چکی ہے کہ وہ اپنے ’کام سے کام رکھے۔