کراچی پر قبضے کی کوشش کی تو حکومت کو گھر جانا پڑے گا، بلاول بھٹو

کراچی پر قبضے کی کوشش کی تو حکومت کو گھر جانا پڑے گا، بلاول بھٹو
کیپشن: پاکستان کو آج جمہوریت سے آمریت کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، بلاول بھٹو۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

حیدر آباد: پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس وقت ملک مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے اور پاکستان کو آج جمہوریت سے آمریت کی طرف دھکیلا جا رہا ہے جبکہ جمہوریت کا سفر زوال کی طرف جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ غیر جمہوری قوتوں نے ہم سب پر حملے کیے اور ہم سب کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہے اور کٹھ پتلی حکومت نے آئین پر حملے کیے۔ ملک کی معیشت کو کمزور کیا گیا اور عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے 18 ویں ترمیم کی صورت میں آئین کو بحال کیا لیکن وزیراعظم نے سندھ میں کہا کہ 18ویں ترمیم کے باعث وفاق دیوالیہ ہو رہا ہے جب کہ حقیقت یہ ہے کہ وفاق کی وجہ سے صوبے دیوالیہ ہو رہے ہیں۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا وفاقی حکومت خود اپنا ٹیکس جمع نہیں کرتی اور نااہل حکومت کی وجہ سے ہر صوبے کو کم پیسہ مل رہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ کی گیس پورے پاکستان کو دی جاتی ہے لیکن سندھ حکومت پر ہر طرف سے حملے ہو رہے ہیں۔ گزشتہ روز وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ وہ کراچی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔  ہم کسی بھی صورت میں سندھ کے خلاف سازش برداشت نہیں کریں گے۔ آپ کراچی پر قبضے کی بات کر کے کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ ہم نے مشکل حالات کا سامنا کر کے وفاق کو بچایا اور ہم پاکستان بچانے کے لیے قربانیاں دیتے رہیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ظلم ایک حد تک برداشت ہو سکتا ہے اور کل بنگلا دیش بنا تھا اگر ظلم کرتے رہے تو کل سندھو دیش بھی بن سکتا ہے اور پختونستان بھی یہ لوگ آئین کی خلاف ورزی کرتے جا رہے ہیں۔ کیا کراچی کو اسلام آباد والے چلائیں گے؟ اس حکومت کو گھر جانا چاہیے اور ایم کیو ایم کے ارکان بھی استعفیٰ دیں۔ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ غیر آئینی طریقے سے کراچی کو اسلام آباد سے کنٹرول کیا جائے۔