Get Alerts

پاکستان اور بحرین منشیات کی روک تھام کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر متفق

پاکستان اور بحرین منشیات کی روک تھام کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر متفق

راولپنڈی: پاکستان اور بحرین نے منشیات کی روک تھام اور انسداد کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر اتفاق کیا ہے۔ بحرین کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل راشد بن عبداللہ الخلیفہ 10 رکنی وفد کے ہمراہ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) ہیڈکوارٹر راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہیں ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل عبد المعید، ہلال امتیاز (ملٹری) اور سینئر سٹاف افسران نے استقبال کیا۔

دورے کے دوران، ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس نے بحرینی وزیر داخلہ کو اے این ایف کی آپریشنل کامیابیوں، تربیتی پروگراموں اور منشیات کی طلب میں کمی کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ میجر جنرل عبد المعید نے کہا کہ اے این ایف محدود وسائل کے باوجود ملکی اور بین الاقوامی سطح پر منشیات کی سمگلنگ کے خلاف موثر کردار ادا کر رہی ہے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق، بحرینی وزیر داخلہ نے پاکستان کی انسداد منشیات کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل راشد بن عبداللہ الخلیفہ نے کہا کہ بحرین منشیات کی روک تھام اور تربیتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے تاکہ مشترکہ کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

یہ تعاون خلیج تعاون ممالک کے مابین منشیات کی سمگلنگ کے خلاف جنگ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔

ٹیگز: