Get Alerts

پاک فوج کے کامیاب آپریشن میں گرفتار دہشت گرد عبدالصمد کے تہلکہ خیز انکشافات

پاک فوج کے کامیاب آپریشن میں گرفتار دہشت گرد عبدالصمد کے تہلکہ خیز انکشافات

راولپنڈی : پاک فوج کے حالیہ کامیاب آپریشن میں گرفتار گل بہادر گروپ کے دہشت گرد عبدالصمد نے اپنے اعترافی بیان میں فتنہ الخوارج کے حوالے سے سنگین انکشافات کیے ہیں۔

عبدالصمد نے بتایا کہ وہ تقریباً ساڑھے چار سال افغانستان میں رہا اور وہاں کلاشنکوف چلانے کی تربیت حاصل کی۔ بعد ازاں وہ منظر ہیل پہنچا جہاں اس نے گروپ کے کمانڈر صادق سے ملاقات کی اور تین ماہ وہاں گزارے۔ پھر وہ زنگوٹی خرسین گیا جہاں حافظ گل بہادر گروپ کے کمانڈر اسد ملا سے ملا اور گروپ میں شامل ہو گیا۔

اعترافی بیان میں عبدالصمد نے انکشاف کیا کہ اسد ملا مینار والی مسجد میں آئی ایڈز، مائنز اور ڈرون بم بنواتا تھا اور مسجد میں غیر اخلاقی ویڈیوز چلائی جاتی تھیں۔ اسد ملا فوج کو مرتد کہتا تھا اور اسے نقصان پہنچانے کے لیے مائنز فراہم کرتا تھا۔

عبدالصمد نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد قرآن کی بے حرمتی، بچوں سے زیادتی اور مساجد کی توہین کرتے ہیں۔ جب اس نے گروپ چھوڑنے کا فیصلہ کیا تو فوج نے آپریشن کیا، جس کے بعد دہشت گرد بھاگ گئے اور موبائل فونز اور شناختی کارڈز جمع کروا کر فارمیٹ کر دیے گئے۔

اس نے بتایا کہ زنگوٹی کی مساجد ان کا مرکزی ٹھکانہ تھیں، جہاں ہر جگہ دہشت گرد موجود تھے اور ان کا کمانڈر اسد ملا تھا۔

عبدالصمد نے مزید کہا کہ اس نے پانچ سال طالبان کے ساتھ گزارے مگر پانچ دن فوج کے ساتھ گزار کر سمجھ گیا کہ فوج درست ہے اور طالبان غلط۔ طالبان بچوں کے ساتھ زیادتی کرتے، مساجد کا احترام نہیں کرتے اور قرآن کی بے حرمتی کرتے تھے۔

اپنے پیغام میں عبدالصمد نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ایسے عناصر سے دور رکھیں اور فوج کے تعاون کو یقینی بنائیں۔

ٹیگز: