لاہور: وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے حوالے سے فیصلے کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہے، اگر عوام نئے صوبے چاہتے ہیں تو انہیں کوئی نہیں روک سکتا، عوام کی خواہش کا معاملہ پارلیمنٹ میں زیرِ بحث آئے گا۔
مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی کوآرڈینیشن کمیٹیوں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اجلاس میں چھوٹے صوبوں اور نئے انتظامی یونٹس کے حوالے سے تحفظات پر سیر حاصل بحث کی گئی۔
اجلاس میں مسلم لیگ ن کی جانب سے رانا ثناء اللہ، سپیکر ایاز صادق سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی، جبکہ پیپلز پارٹی کے وفد میں راجہ پرویز اشرف، حسن مرتضیٰ، گورنر سردار سلیم حیدر خان، قمر زمان کائرہ سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔
دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے چھوٹے صوبوں اور نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق مختلف امور اور تحفظات پر تبادلہ خیال کیا۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کا حتمی فیصلہ آئینی و پارلیمانی طریقہ کار کے تحت ہی ہوگا۔