اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج رات فلک پر "پنک مون" کا حسین نظارہ کیا جائے گا، جو ہر سال بہار کے آغاز پر نمودار ہوتا ہے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق، پنک مون کا مکمل نظارہ پاکستان میں آج رات 9 بج کر 8 منٹ پر ممکن ہوگا۔ چاند سورج کے غروب ہوتے ہی افق پر طلوع ہونا شروع ہو جائے گا اور پوری رات آسمان پر جگمگاتا رہے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چاند کو طلوع کے وقت دیکھنا سب سے زیادہ دلکش ہوتا ہے، کیونکہ اس وقت وہ حجم میں بڑا اور روشنی میں زیادہ چمکدار محسوس ہوتا ہے۔ اگرچہ اس چاند کا رنگ حقیقی طور پر گلابی نہیں ہوتا، لیکن اسے "پنک مون" کا نام شمالی امریکا میں موسم بہار میں کھلنے والے گلابی پھولوں (Phlox) کی مناسبت سے دیا گیا ہے۔
ماہرین نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم صاف ہونے کی صورت میں اس خوبصورت فلکیاتی منظر سے ضرور لطف اندوز ہوں، کیونکہ اس جیسا منظر سال میں صرف ایک بار دکھائی دیتا ہے۔
واضح رہے کہ اگلا مکمل چاند 12 مئی کو نمودار ہوگا، جسے "فلاور مون" کا نام دیا گیا ہے۔