Get Alerts

مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کا مشن: وزیراعظم شہباز شریف جلد سعودی عرب اور ترکیہ کا اہم دورہ کریں گے

مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کا مشن: وزیراعظم شہباز شریف جلد سعودی عرب اور ترکیہ کا اہم دورہ کریں گے

اسلام آباد : ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات اور خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بڑا سفارتی مشن سنبھالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم رواں ہفتے سعودی عرب اور ترکیہ کا انتہائی اہم اور تزویراتی دورہ کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر ہو رہا ہے۔ سفارتی حلقوں کے مطابق، ایک ماہ کے قلیل عرصے میں وزیراعظم کا دوبارہ دورۂ ریاض دونوں ممالک کے درمیان گہرے تزویراتی تعلقات اور خطے کے معاملات میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا ثبوت ہے۔
اس اعلیٰ سطحی دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سعودی اور ترک قیادت کے ساتھ درج ذیل امور پر مشاورت کریں گے۔ واشنگٹن اور تہران کے درمیان جاری سفارتی عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تعاون۔لبنان اور خطے کے دیگر حصوں میں جنگ بندی کے عمل کو طویل مدتی امن میں بدلنے کی کوششیں۔مشرقِ وسطیٰ میں کسی بھی بڑے عسکری تصادم کو روکنے کے لیے مسلم ممالک کا مشترکہ لائحہ عمل۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اس وقت ایران، امریکہ اور سعودی عرب کے درمیان ایک "غیر جانبدار پل" کا کردار ادا کر رہا ہے۔ ترکیہ اور سعودی عرب، دونوں ممالک خطے کے بڑے کھلاڑی ہیں اور وزیراعظم کا ان دونوں دارالحکومتوں کا بیک وقت دورہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پاکستان ایک وسیع البنیاد علاقائی مفاہمت کی بنیاد رکھنے جا رہا ہے۔
 وزیراعظم کا یہ دورہ نہ صرف مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ اس سے پاکستان کے سفارتی قد کاٹھ میں بھی غیر معمولی اضافہ متوقع ہے۔

ٹیگز: