جہانگیر ترین کی ملوں کو چینی فروخت کی مشروط اجازت سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

جہانگیر ترین کی ملوں کو چینی فروخت کی مشروط اجازت سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے جہانگیر ترین کی ملوں کو چینی فروخت کی مشروط اجازت سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین کی ملوں کو چینی فروخت سے متعلق عبوری ریلیف کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی ہے جس میں لاہور ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا گیا ہے۔ 
حکومت کے وکیل کا کہنا ہے کہ لاہورہائیکورٹ نے جے کے اورجے ڈی ڈبلیو ملزکے خلاف کارروائی نہ کرنے کاحکم دیا ہے، سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ شوگر ملز کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا ہائیکورٹ کا عبوری حکم کالعدم قرار دیا جائے۔ 
یاد رہے کہ جہانگیر ترین کی شوگر ملز نے آج ہی لاہور ہائیکورٹ میں چینی کی قیمت مقرر کرنے کے خلاف درخواست دائر کی تھی جس میں وفاقی و صوبائی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔ 
عدالت عالیہ نے جہانگیر ترین کی درخواست پر حکومت کو شوگر ملز کے خلاف آئندہ سماعت تک تادیبی کارروائی سے مشروط طور پر روکتے ہوئے شوگر ملز کو چینی کی قیمت میں فرق کے برابر مچلکے کین کمشنر کو جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔