لاہور : پاکستان کی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ نازیہ حسن کو مداحوں سے بچھڑے 25 برس بیت گئے ہیں۔ 3 اپریل 1965ء کو کراچی میں پیدا ہونے والی نازیہ حسن نے کم عمری میں ہی شہرت کی بلندیاں چھوئیں۔ 15 برس کی عمر میں اپنی آواز کا جادو جگانے والی نازیہ حسن کا سب سے معروف گانا "آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے" تھا، جو نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں مقبول ہوا۔
گلوکارہ نے اپنے بھائی زوہیب حسن کے ساتھ مل کر پاکستانی موسیقی میں ایک نیا رنگ متعارف کرایا اور اپنے منفرد گانے جیسے "ڈسکو دیوانے"، "بوم بوم" اور "آنکھیں ملانے والے" سے عالمی سطح پر شہرت حاصل کی۔ ان کی گلوکاری نے اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں ایک الگ مقام بنایا، اور ان کے ساڑھے چھ کروڑ سے زائد ریکارڈز فروخت ہوئے۔
نازیہ حسن کو ان کی شاندار موسیقی کی وجہ سے بے شمار ایوارڈز سے نوازا گیا، جن میں "پرائیڈ آف پرفارمنس" اور "بیسٹ فی میل پلے بیک سنگر" شامل ہیں۔
تاہم، بہت کم عمری میں لنگز کینسر جیسے موذی مرض کا شکار ہونے والی نازیہ حسن نے 13 اگست 2000ء کو محض 35 برس کی عمر میں لندن میں اپنی زندگی کی بازی ہار دی۔ ان کی وفات کے 25 برس مکمل ہونے پر ان کے مداحوں نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی موسیقی کو ہمیشہ کے لئے یاد رکھنے کا عہد کیا۔
نازیہ حسن کی آواز اور موسیقی آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے، اور ان کا اثر آنے والی نسلوں تک برقرار رہے گا۔