Get Alerts

نازیہ حسن کی 26ویں برسی، پاپ موسیقی کی دنیا میں نام آج بھی زندہ

نازیہ حسن کی 26ویں برسی، پاپ موسیقی کی دنیا میں نام آج بھی زندہ

لاہور: پاکستانی پاپ موسیقی کی معروف گلوکارہ نازیہ حسن کی 26ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔ اپنی منفرد آواز اور انداز کے باعث انہیں آج بھی ’کوئین آف پاپ‘ کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔

کراچی میں پیدا ہونے والی نازیہ حسن نے کم عمری میں ہی موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا۔ صرف 15 برس کی عمر میں فلمی گیت ’آپ جیسا کوئی‘ نے انہیں برصغیر میں غیر معمولی شہرت دلائی اور وہ دیکھتے ہی دیکھتے پاپ میوزک کا نمایاں نام بن گئیں۔

1981 میں بھائی زوہیب حسن کے ساتھ ریلیز ہونے والا البم ’ڈسکو دیوانے‘ ان کے کیریئر کا اہم موڑ ثابت ہوا۔ اس البم کی کامیابی نے نازیہ حسن کی آواز کو پاکستان سے باہر بھی مقبول کیا اور دونوں بہن بھائیوں کی جوڑی نے پاپ موسیقی میں نئی پہچان بنائی۔

’بوم بوم‘، ’ینگ ترنگ‘ اور ’ہاٹ لائن‘ سمیت مختلف البمز نے نازیہ اور زوہیب حسن کو پاکستانی پاپ موسیقی کی تاریخ میں ایک منفرد مقام دلایا۔

نازیہ حسن نے موسیقی کے ساتھ تعلیم اور سماجی خدمات کے شعبے میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ وہ پیشے کے اعتبار سے وکیل تھیں اور 1991 میں انہیں یونیسیف کی ثقافتی سفیر بھی مقرر کیا گیا۔

تاہم ان کی زندگی کا سفر زیادہ طویل نہ ہوسکا۔ نازیہ حسن کینسر کے مرض میں مبتلا رہیں اور 13 اگست 2000 کو لندن میں 35 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔

اگرچہ نازیہ حسن کو دنیا سے رخصت ہوئے کئی برس گزر چکے ہیں، لیکن ان کے گیت آج بھی شائقین میں مقبول ہیں اور پاکستانی پاپ موسیقی میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ٹیگز: