Get Alerts

بھارت تجارتی مزاکرات میں مسلسل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہا ہے ، امریکی وزیر خزانہ برہم

بھارت تجارتی مزاکرات میں مسلسل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہا ہے ، امریکی وزیر خزانہ برہم

واشنگٹن: امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے بھارت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی دہلی حکومت امریکہ کے ساتھ تجارتی مذاکرات میں مسلسل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہی ہے، جس کی وجہ سے معاہدوں کو حتمی شکل دینا مشکل ہو رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سکاٹ بیسنٹ نے بتایا کہ سوئٹزرلینڈ اور بھارت سمیت متعدد ممالک کے ساتھ تجارتی معاہدے زیرِ التوا ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹرمپ انتظامیہ رواں سال اکتوبر کے آخر تک ان مذاکرات کو مکمل کرنے کی کوشش کرے گی، لیکن بھارت کا رویہ سب سے بڑی رکاوٹ بنا ہوا ہے۔

وزیر خزانہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ آئندہ دو سے تین ماہ میں امریکی حکام کی چینی حکام سے اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بات چیت کی جائے گی۔

ادھر امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں کہا ہے کہ حالات انتہائی خراب ہو سکتے تھے، لیکن امریکی قیادت کی بروقت سفارتی کوششوں سے ممکنہ تباہی کو ٹال دیا گیا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ امریکہ کے پاکستان اور بھارت دونوں کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں، اور خطے میں امن و استحکام کے لیے واشنگٹن اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد کر دیا ہے، جس کے بعد مجموعی امریکی ٹیرف 50 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ اس فیصلے کو بھارت پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے تاکہ وہ تجارتی مذاکرات میں نرمی اختیار کرے۔

ٹیگز: