اسلام آباد : پاکستان اور امریکا نے انسداد دہشتگردی ڈائیلاگ کے مشترکہ اعلامیے میں ہر قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
امریکی سفارتخانے کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، اس ڈائیلاگ کی صدارت پاکستان کی جانب سے نبیل منیر اور امریکا کے گریگری ڈی لوجرفو نے مشترکہ طور پر کی۔ دونوں فریقین نے بی ایل اے، داعش خراسان، اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) جیسے دہشتگرد گروہوں کے خطرات سے نمٹنے پر زور دیا۔
مشترکہ اعلامیے میں امریکا نے پاکستان کی دہشتگردوں کو قابو پانے کی کامیابیوں کو سراہا اور خضدار میں جعفر ایکسپریس اور سکول بس حملوں میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
ڈائیلاگ کے دوران سکیورٹی چیلنجز اور نئی ٹیکنالوجی کے دہشتگردی میں استعمال کو روکنے کے لیے بھی اتفاق کیا گیا، اور ادارہ جاتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور صلاحیتوں میں اضافہ کرنے پر زور دیا گیا۔
اعلامیے میں اقوام متحدہ اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا، اور دہشتگردی کے خاتمے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مسلسل اور منظم روابط کی ضرورت پر زور دیا گیا۔