Get Alerts

ملک اور اداروں کے خلاف ہتھیار اٹھانا بغاوت کے مترادف ہے ، اسحاق ڈار

ملک اور اداروں کے خلاف ہتھیار اٹھانا بغاوت کے مترادف ہے ، اسحاق ڈار

لاہور :  نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک میں پھیلنے والی افواہوں پر توجہ دینے کی ضرورت نہیں، حکومت اپنی آئینی مدت مکمل کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک اور اداروں کے خلاف ہتھیار اٹھانا بغاوت کے مترادف ہے اور سیاسی کشمکش میں وقت ضائع کرنے کی بجائے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ملک کو آگے لے جانے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔

لاہور میں حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو بے مثال کامیابیاں دی ہیں، سب سے بڑی کامیابی معرکہ حق میں حاصل کی گئی، جہاں پاکستان نے فضاء، زمین اور سمندر پر جنگ میں بھارت کو چار دنوں میں عبرتناک شکست دی۔

انہوں نے ملکی معیشت میں بہتری اور سفارتی محاذ پر پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا جب تک پاکستان دنیا میں مضبوط اسلامی قلعے کے طور پر ابھر نہ آئے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ ملک اور اداروں کے خلاف ہتھیار اٹھانا بغاوت ہے، پی ٹی آئی کے خلاف قانونی کارروائیاں عدالتوں کے سامنے ہیں جن کے فیصلے کا احترام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھینچا تانی میں بہت وقت ضائع ہو چکا، اب وقت ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر ملک کی ترقی کے لیے کام کریں۔

وزیر خارجہ نے امریکی وفد کے حالیہ دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گرد تنظیم مجید بریگیڈ کے حوالے سے امریکہ کو ٹھوس ثبوت فراہم کیے ہیں جس کی بنیاد پر امریکہ نے اسے دہشت گرد تنظیم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار کو بھی سراہا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت پاکستان، وزیراعظم شہباز شریف اور وزارت خارجہ نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور او آئی سی کا ہنگامی اجلاس جلد جدہ میں ہوگا۔

نائب وزیراعظم نے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کی حالیہ میٹنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان کا پانی روکا تو اسے جنگ کا اعلان سمجھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ بین الاقوامی قانون کے تحت ناقابلِ تبدیلی ہے اور بھارت کو اسے تبدیل یا ختم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ 24 کروڑ پاکستانی اس بات کا سختی سے تحفظ کریں گے کہ ہمارا پانی کسی اور کو نہ جائے۔

ٹیگز: