کیلیفورنیا:میٹا کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم تھریڈز نے لانچ کے دو سال کے اندر شاندار ترقی حاصل کرتے ہوئے ماہانہ 40 کروڑ سے زائد فعال صارفین کا سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ یہ اعلان انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے اپنی ایک پوسٹ میں کیا۔
انہوں نے بتایا کہ چند ہفتے قبل تھریڈز کے ماہانہ صارفین کی تعداد 400 ملین سے تجاوز کر چکی ہے، جو اس کی تیز رفتار ترقی کا مظہر ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ابھی بھی پلیٹ فارم کو بہتر بنانے کے لیے بہت کام باقی ہے۔
یاد رہے کہ اپریل 2025 کے آخر میں میٹا کے سی ای او نے صارفین کی تعداد 35 کروڑ بتائی تھی، یعنی صرف 3 ماہ میں 5 کروڑ نئے صارفین کا اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے ماہانہ صارفین کی تعداد اب بھی 60 کروڑ ہے، مگر موجودہ رجحانات کے مطابق تھریڈز مستقبل قریب میں ایکس کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔
تحقیقی ادارے Similarweb کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق، جون 2025 میں موبائل ایپ پر تھریڈز کو روزانہ 11 کروڑ 51 لاکھ افراد نے استعمال کیا، جبکہ ایکس کے روزانہ موبائل صارفین 13 کروڑ 20 لاکھ تھے—یعنی فرق تیزی سے کم ہو رہا ہے۔
تاہم ویب کے ذریعے استعمال کے لحاظ سے تھریڈز کو ابھی خاصا فاصلہ طے کرنا ہے۔ ایکس کو جون میں اوسطاً روزانہ 14 کروڑ سے زائد افراد نے ویب پر استعمال کیا، جبکہ تھریڈز کے ویب صارفین کی روزانہ تعداد محض 69 لاکھ رہی۔
یہ ڈیٹا ظاہر کرتا ہے کہ اگر موجودہ رفتار برقرار رہی تو تھریڈز جلد موبائل صارفین میں ایکس کا حقیقی متبادل بن سکتا ہے، البتہ ویب پر مقبولیت کے لیے اسے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔