لاہور : پاکستان کی رائفل ٹیم نے ایف کلاس برٹش اوپن 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 13 تمغے اپنے نام کرلیے، جن میں 7 طلائی تمغے بھی شامل ہیں۔
برطانیہ میں ہونے والے اس بین الاقوامی شوٹنگ ایونٹ میں پاکستان کی 12 رکنی ٹیم نے دنیا کے 24 ممالک سے آنے والے تقریباً 185 نشانہ بازوں کے درمیان اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احسن گلریز کی قیادت میں شریک پاکستانی شوٹرز نے مختلف انفرادی اور مجموعی مقابلوں میں عمدہ کارکردگی دکھائی اور کئی اہم پوزیشنز حاصل کیں۔
حذیفہ گل پاکستانی ٹیم کے نمایاں ترین شوٹر رہے۔ انہوں نے مختلف مقابلوں میں 4 طلائی، 2 چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیت کر مجموعی طور پر 7 میڈلز اپنے نام کیے۔
احسن گل نے 1000 یارڈز کے مقابلوں میں عمدہ نشانہ بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 طلائی تمغے حاصل کیے، جبکہ محمد ولید نے بھی 1000 یارڈز مقابلے میں طلائی تمغہ جیتا۔ انہوں نے ایف ٹی آر مجموعی مقابلے میں کانسی کا تمغہ بھی حاصل کیا۔
800 یارڈز کے مقابلوں میں عبید ابراہیم اور جنید علی نے کانسی کے تمغے جیت کر پاکستان کے مجموعی میڈلز میں مزید اضافہ کیا۔
ایف کلاس برٹش اوپن میں کامیاب کارکردگی کے بعد پاکستان کی قومی شوٹنگ ٹیم نے آئندہ بین الاقوامی چیمپئن شپ کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا ہے۔
پاکستان لانگ رینج رائفل ایسوسی ایشن کے مطابق برطانیہ میں پاکستانی شوٹرز کی یہ کامیابی لانگ رینج رائفل شوٹنگ میں ملک کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہے۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے دنیا کے تجربہ کار اور اعلیٰ پائے کے شوٹرز کے سامنے اپنی مہارت اور مستقل مزاجی ثابت کی۔ ٹیم کی یہ کارکردگی عالمی سطح پر پاکستانی شوٹنگ کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔