لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت لاہور میں ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں جاری ڈیجیٹل تبدیلی کے منصوبوں اور سرکاری خدمات کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے مرکزی نظام کے ساتھ 6 ہزار سے زائد سرکاری سسٹمز کو منسلک کیا جاچکا ہے، جس سے مختلف سرکاری اداروں کے درمیان ڈیجیٹل رابطے کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ای فائلنگ اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم (ای-فواس) کے ذریعے تقریباً 600 اداروں کو ڈیجیٹل نیٹ ورک کا حصہ بنایا جاچکا ہے۔ اس نظام کے ذریعے سرکاری دفاتر میں فائلوں، دفتری امور اور باہمی رابطوں کو جدید ڈیجیٹل طریقہ کار کے تحت چلانے میں مدد مل رہی ہے۔
اجلاس کو ’مریم کی دستک‘ پروگرام کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا گیا۔ حکام کے مطابق اب تک 40 لاکھ سے زائد شہری سرکاری خدمات کے حصول کے لیے اس پروگرام کے ذریعے درخواستیں جمع کراچکے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ ’مریم کی دستک‘ کے تحت 31 لاکھ سے زائد افراد کو مختلف سرکاری سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جاچکی ہیں، جس کا مقصد شہریوں کو سرکاری دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی زحمت سے بچانا اور خدمات تک رسائی آسان بنانا ہے۔
اجلاس میں صوبے میں ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مزید وسعت دینے، سرکاری اداروں کو باہم مربوط کرنے اور عوامی خدمات کی فراہمی کو زیادہ مؤثر اور آسان بنانے کے حوالے سے پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے سرکاری خدمات کو عوام کے لیے مزید سہل بنانے اور حکومتی امور میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔