'اسحاق ڈار کی تذلیل نہیں بلکہ معاشی پالیسیوں کی وجہ سے میڈل ملنا چاہیے'

'اسحاق ڈار کی تذلیل نہیں بلکہ معاشی پالیسیوں کی وجہ سے میڈل ملنا چاہیے'

اسلام آباد: میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دھرنے ملک میں انتشار کے لیے دیے جا رہے ہیں جبکہ اپوزیشن کے منہ کو خون لگا ہوا ہے اور وہ ہر ایک کو گالیاں دیتے ہیں۔ حکومت کے خلاف نیلے پیلے قسم کے لوگ مل رہے ہیں کیونکہ ایک طرف مسلم لیگ (ن) کے حامی اور دوسری طرف اس کے مخالف ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی مدت مکمل ہونے میں 5 ماہ رہ گئے ہیں اور حکومت کے خلاف اتحاد بنانے والے انتظار کریں۔ پاکستان میں کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں اور اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا قانونی جائزہ لیا جا رہا ہے جب کہ اسحاق ڈار کی تذلیل نہیں بلکہ میڈل ملنا چاہیے کیوں کہ ان کی خدمات کا اعتراف دنیا کرتی ہے۔

وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ 90 کی دہائی میں بدقستمی سے ہر 2 سال بعد حکومتوں کو گرایا گیا اور ہماری پالیسیوں کو اپنا کر بھارت نے ترقی کا سفر طے کیا جب کہ بقراط اور سقراط ہر وقت معیشت ختم ہونے کا شور مچاتے ہیں اور صرف منفی امیج اجاگر کرتے ہیں۔ کہا جاتا تھا کہ 2030 تک پاکستان پتھر کے زمانے میں چلا جائے گا تاہم 2030 میں پاکستان کو ایک مضبوط معیشت بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈوب نہیں رہا بہتری کی طرف جا رہا ہے جب کہ ڈالر کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ سے ایڈجسٹ ہے لہذا خطرے کی بات نہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ کراچی کا امن تباہ کرنے والوں کو ضرور سزا ملے گی اور اب کراچی کا امن کسی کو خراب نہیں کرنے دیں گے۔ سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے ملزم حماد صدیقی کو مجرموں کے تبادلے کے قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد پاکستان لایا جائے گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں