علیمہ خان کو 2 کروڑ 94 لاکھ جمع کرانے کا حکم

علیمہ خان کو 2 کروڑ 94 لاکھ جمع کرانے کا حکم
کیپشن: رقم جمع نہ کرانے پر علیمہ خان کی جائیداد ضبط کر لیں، چیف جسٹس پاکستان۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: بیرون ملک اکاؤنٹس کیس میں وزیراعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان سپریم کورٹ میں پیش ہوئیں۔ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ 2 کروڑ 94 لاکھ روپے ایک ہفتے میں ایف بی آر کے پاس جمع کرائیں اور رقم جمع نہ کرانے پر علیمہ خان کی جائیداد ضبط کر لیں۔

پاکستانیوں کے بیرون ملک اکاؤنٹس سے متعلق کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ علیمہ خان نے عدالت کو بتایا کہ دبئی میں جائیداد 3 لاکھ 70 ہزار ڈالرمیں خریدی اور دبئی میں جائیداد خریدنے کیلئے 50 فیصد رقم قرض لی۔ وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا میری موکلہ پر 18 ملین روپے کے واجبات ہیں۔ کمشنر ایف بی آر کا کہنا تھا ان کے ذمہ 2 کروڑ 94 لاکھ روپے کے واجبات ہیں۔

ادھر چیف جسٹس نے ایف آئی اے کو سینیٹر وقار کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ ثابت نہیں کر سکے پیسہ کیسے ملک سے باہر لے کر گئے اور 6 کروڑ روپے جمع کرائیں۔ وکیل نے کہا میرے موکل کی طرف سے جو رقم بنتی ہے وہ دینے کیلئے تیار ہیں۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا سینیٹر وقار کو گرفتار کریں کیونکہ انہوں نے ایک ارب روپے پر ایمنسٹی لی اور صرف 5 فیصد ٹیکس دیا۔ ان کا نام ای سی ایل میں ڈال دیں۔ بادی النظر میں سینیٹر وقار نے دبئی جائیداد منی لانڈرنگ سے بنائی جکبہ لانچز اور ہنڈی کے ذریعے پیسہ باہر بھجوایا گیا۔ ایف بی آر تفتیش کرے گی تو پتا چلے گا پیسہ کیسے باہر گیا۔