کراچی: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل میچ آج نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہو گا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز آسان حریف نہیں جس کے خلاف سیریز کیلئے بھرپور تیاری کی ہے اور امید ہے کہ شائقین کو اچھے میچز دیکھنے کو ملیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی جانب سے سیریز ملتوی کرنے کے بعد محسوس ہو رہا تھا کہ کوئی پاکستان نہیں آئے گا مگر ویسٹ انڈیز نے ایک بار پھر مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا ہے۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے کپتان نکولس پورن کا کہنا ہے کہ ہمارے تین کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں لیکن اچھی بات یہ ہے کہ نوجوانوں کے پاس اب خود کو ثابت کرنے کا موقع ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ سکواڈ کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، فخر زمان، حیدر علی، خوشدل شاہ، آصف علی، شاداب خان، محمد نواز، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم جونیئر، شاہنواز دھانی، عثمان قادر، افتخار احمد اور محمد حسنین شامل ہیں جبکہ حتمی ٹیم کا اعلان میچ سے کچھ دیر قبل ہو گا۔
ویسٹ انڈیز سکواڈ کی قیادت نکولس پورن کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں برینڈن کنگ، شائی ہوپ، ڈیرین براوو، روومین پاول، روماریو شیفرڈ، اوڈین سمتھ، ڈومینک ڈریکس، عقیل حسین، ہیڈن واش، اوشین تھامس اور گوداکیش موتی شامل ہیں۔