غزہ  پر مسلسل بمباری ، اسرائیل کوعالمی حمایت کھونے کا خطرہ: امریکی صدر نے خبردار کردیا

 غزہ  پر مسلسل بمباری ، اسرائیل کوعالمی حمایت کھونے کا خطرہ: امریکی صدر نے خبردار کردیا

واشنگٹن : اسرائیل کو غزہ پر مسلسل اور بلا امتیاز بمباری کی وجہ سے  عالمی حمایت کھونے کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ اس بارے میں امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی کھل کر بیان دیا ہے۔ بائیڈن کا کہنا ہےکہ  اسرائیل غزہ پر مسلسل بمباری کی وجہ سے عالمی حمایت کھورہا ہے۔


صدر جو بائیڈن  کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو امریکہ  اور یورپی یونین کی حمایت حاصل ہے لیکن غزہ میں بچوں، خواتین اور نہتے شہریوں پر مسلسل بمباری سے وہ اپنی بین الااقوامی حمایت کھو رہا ہے۔


انتخابی مہم کے لیے فنڈز جمع کرنے کی  تقریب سے  خطاب میں جو بائیڈن نے اسرائیل کے اس موقف کی تائید کی کہ جنگ بندی سے حماس مضبوط ہوگی تاہم امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم کو صرف جنگجوؤں کو نشانہ بنانے کی تاکید کی۔


امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو اپنی کابینہ کے سخت گیر وزرا  کو تبدیل کرنے کا مشورہ بھی دیدیا جو بلاامتیاز بمباری جیسے انتہائی قدم اُٹھانے پر زور دیتے ہیں۔دوسری جانب آسٹریلیا، کینیڈا اور نیوزی لینڈ نے بھی غزہ میں اسرائیلی بمباری میں معصوم شہریوں کی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پائیدار جنگ بندی کی مطالبہ کیا۔

مصنف کے بارے میں