لاہور،آباد:محکمہ موسمیات نے ملک میں بارشوں کے دو اسپیلز کی پیشگوئی کر دی ہے، جس سے جاری خشک سردی کی شدت کم ہونے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔
محکمہ کے مطابق، آج سے 15 دسمبر تک مری، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں برفباری متوقع ہے، جس کے بعد 19 دسمبر کو ملک میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہوگا۔
خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں 13 سے 15 دسمبر تک بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ جڑواں شہروں میں صرف بوندا باندی متوقع ہے۔ 21 دسمبر تک مختلف علاقوں میں سردی مزید بڑھنے کا امکان ہے اور دن کا درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک کے مطابق، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے علاقوں میں بارش اور ہلکی برفباری ہوگی، دن کا درجہ حرارت 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے، جبکہ رات کے درجہ حرارت میں زیادہ فرق کی توقع نہیں۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔ دسمبر کے آخر اور جنوری کے آغاز میں اسلام آباد میں درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے، جبکہ جڑواں شہروں میں بادل چھائے رہیں گے۔