اسلام آباد : وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق پھیلائی جانے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے اسے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی "مجرمانہ کوشش" قرار دیا ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ صحت کے معاملے پر سیاست چمکانے کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔
طارق فضل چوہدری نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے ٹائم لائن واضح کرتے ہوئے کہادسمبر میں بانی پی ٹی آئی کی بہن نے ملاقات کے بعد خود تصدیق کی تھی کہ وہ مکمل طور پر صحت یاب ہیں۔بانی پی ٹی آئی نے طبیعت کی خرابی یا آنکھ کی تکلیف کی شکایت پہلی بار جنوری کے پہلے ہفتے میں کی، لہٰذا اکتوبر سے صحت کی خرابی کے دعوے سراسر بے بنیاد ہیں۔
وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت بہترین علاج معالجے کے لیے تیار ہے اور جہاں ممکن ہوا، طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے کیس اور ان کی سہولیات کی نگرانی خود چیف جسٹس آف پاکستان کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔
طارق فضل چوہدری نے سیاسی ماحول پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنی قانونی غلطیوں اور جرائم کی وجہ سے جیل میں ہیں، نہ کہ سیاسی بنیادوں پر۔ ان کا کہنا تھا افسوس کی بات یہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے سیاسی اختلاف کو ذاتی دشمنی میں بدل دیا، یہ رویہ جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہے اور ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔