اسلام آباد : وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سینیٹ کے اہم اجلاس میں دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اب مزید لاشیں نہیں اٹھائے گا بلکہ ہر حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ پاک فضائیہ نے افغانستان کے تین صوبوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کاری ضرب لگاتے ہوئے 100 سے زائد فتنہ الخوارج کو ہلاک کر دیا ہے۔
افغانستان میں کی گئی تمام کارروائیاں خفیہ اطلاعات پر مبنی تھیں جن میں صرف دہشت گردوں کے تربیتی مراکز اور کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ ان کارروائیوں میں کسی بھی سویلین کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔ باجوڑ اور بنوں میں فوجی افسران و جوانوں کی شہادت کے بعد یہ کارروائیاں ناگزیر تھیں، کیونکہ حالیہ دہشت گردی کے تمام تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے انکشاف کیا کہ پاکستان نے طالبان رجیم کے سامنے تمام ثبوت اور دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کی فہرست رکھی، مگر ان کی جانب سے کوئی سنجیدہ کوشش سامنے نہیں آئی۔