Get Alerts

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: ’مسٹری سپنر‘ عثمان طارق نے بھارتیوں کی نیندیں اڑا دیں، ایشون کا نفسیاتی چال چلنے کا مشورہ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: ’مسٹری سپنر‘ عثمان طارق نے بھارتیوں کی نیندیں اڑا دیں، ایشون کا نفسیاتی چال چلنے کا مشورہ

لاہور: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں روایتی حریفوں کے درمیان ہونے والے مقابلے سے پہلے ہی بھارت پر پاکستانی سپنر عثمان طارق کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا ہے۔ پاکستان کے مضبوط سپن اٹیک، جس میں ابرار احمد اور محمد نواز جیسے نام شامل ہیں، عثمان طارق کے شامل ہونے سے بھارتی کیمپ میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
بھارت کے تجربہ کار آف سپنر روی چندرن ایشون نے اپنی ٹیم کو مشورہ دیا ہے کہ وہ عثمان طارق کی باؤلنگ کے دوران نفسیاتی دباؤ کا سہارا لیں۔ ایک وائرل ویڈیو میں ایشون نے کہااگر عثمان طارق باؤلنگ ایکشن کے دوران ذرا سا بھی رکیں، تو بلے باز کو فوراً وکٹ سے ہٹ جانا چاہیے۔ اس سے امپائر اور باؤلر دونوں پر دباؤ بڑھے گا۔ اگر میں کھیل رہا ہوتا تو عثمان طارق کی تال توڑنے کے لیے یہی راستہ اختیار کرتا۔
ایک جانب جہاں بھارتی صحافی اور سابق کرکٹرز عثمان طارق کے منفرد باؤلنگ ایکشن کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، وہیں حقائق ان کے خلاف جا رہے ہیں۔
 آئی سی سی کی بائیومیکانکس لیب عثمان طارق کے ایکشن کو دو مرتبہ کلیئر قرار دے چکی ہے، جس کے بعد ان پر تنقید محض ایک ’خوف‘ کی عکاسی کرتی ہے۔ ایشون نے اعتراف کیا کہ عثمان طارق موجودہ حالات میں پاکستان کا سب سے بڑا ہتھیار (اکا) ہیں، جنہیں روکنا بھارتی بلے بازوں کے لیے مشکل ثابت ہو سکتا ہے۔خوف کی وجہ عثمان طارق کا غیر روایتی اور مشکل ’مسٹری‘ ایکشن ہے۔
اس صورتحال سے واضح ہوتا ہے کہ میدانِ جنگ سجنے سے پہلے ہی پاکستان نے نفسیاتی برتری حاصل کر لی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ورلڈ کپ کے بڑے میچ میں بھارتی بلے باز ایشون کے مشورے پر عمل کرتے ہیں یا عثمان طارق کی گھومتی گیندوں کا شکار بنتے ہیں۔

ٹیگز: