واشنگٹن :امریکہ نے ویزا قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک لاکھ سے زائد افراد کے ویزے منسوخ کر دیے ہیں، جن میں ہزاروں غیر ملکی طلبہ اور کام کے لیے آنے والے افراد بھی شامل ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورِ صدارت کے پہلے سال کے دوران یہ ویزے منسوخ کیے گئے، جن میں کاروبار اور سیاحت کے ویزے رکھنے والے وہ افراد بھی شامل تھے جو مقررہ مدت ختم ہونے کے باوجود امریکا میں قیام پذیر رہے۔
محکمہ خارجہ نے بتایا کہ منسوخ شدہ ویزے رکھنے والوں میں 8 ہزار طلبہ اور 2 ہزار 500 کام کرنے والے افراد شامل ہیں۔ زیادہ تر کیسز میں مجرمانہ ریکارڈ یا قانونی خلاف ورزیوں کے شواہد موجود تھے، جن میں شراب نوشی کے دوران گاڑی چلانا، تشدد، چوری، بچوں سے بدسلوکی، منشیات کی تقسیم اور مالی بدعنوانی شامل ہیں۔
محکمہ خارجہ نے واضح کیا کہ امریکا کو محفوظ بنانے کے لیے ویزا منسوخی اور ملک بدری کی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی۔