Get Alerts

کراچی میں 9 مئی جیسے واقعات دہرانے کی کوشش کی گئی، تاہم حکومت نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا: سندھ حکومت

کراچی میں 9 مئی جیسے واقعات دہرانے کی کوشش کی گئی، تاہم حکومت نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا: سندھ حکومت

کراچی:کراچی میں ممکنہ بدامنی اور احتجاجی سرگرمیوں سے متعلق سندھ حکومت نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں 9 مئی جیسے واقعات دہرانے کی کوشش کی گئی، تاہم حکومت نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا۔

سندھ کے سینئر وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے حالات خراب کرنے اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی ہر ممکن کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کی جانب سے دی گئی یقین دہانیوں کی خلاف ورزی کی گئی اور حکومت کی شرافت کا ناجائز فائدہ اٹھایا گیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ احتجاج کے دوران پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جبکہ صحافیوں کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا، جو ناقابلِ قبول عمل ہے۔ سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا قومی دھارے میں آ کر مثبت سیاست کرنے کا کوئی ارادہ نظر نہیں آتا اور انتشار و نفرت انگیز سیاست انہیں ان کے قائد نے سکھائی ہے۔

سندھ حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے متوقع دورۂ کراچی سے قبل سیکیورٹی تھریٹ موصول ہوا تھا، تاہم جان بوجھ کر اس سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا تاکہ سیاسی ماحول مزید خراب نہ ہو۔

سینئر وزیر نے واضح الفاظ میں اعلان کیا کہ 8 فروری کو کراچی میں کسی صورت پہیہ جام ہڑتال نہیں ہونے دی جائے گی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

ٹیگز: