Get Alerts

لوگ کورونا کی ایک سے زائد قسم کی مختلف ویکسین نہ لگوائیں، عالمی ادارہ صحت نے خبردار کر دیا

لوگ کورونا کی ایک سے زائد قسم کی مختلف ویکسین نہ لگوائیں، عالمی ادارہ صحت نے خبردار کر دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ لوگ کورونا کی ایک سے زائد قسم کی مختلف ویکسین نہ لگوائیں کیونکہ یہ ایک خطرناک رجحان ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ڈبلیو ایچ اوکی چیف سائنٹسٹ کا کہنا ہے کہ ایک سے زائد کمپنیوں کی ویکسین لگوانا خطرناک رجحان ہے کیونکہ اس کے صحت پر اثرانداز ہونے سے متعلق اعداد و شمار انتہائی کم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مختلف ممالک کے شہری یہ فیصلہ کرنا شروع کر دیں کہ انہیں کب تیسری اور چوتھی ویکسین لگوانی ہے تو افراتفری کی صورتحال پیدا ہو جائے گی۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم نے امیر ممالک سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے وقت میں جب کئی ممالک کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین موصول نہیں ہوئی، امیر ممالک کو اپنے شہریوں کو بوسٹر شاٹس یا تیسری خوراک نہیں دینی چاہیے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا کہ کورونا کی وبا سے ایک بار پھر اموات میں اضافہ ہوا ہے اور اس وائرس کا نیا ڈیلٹا ورژن تیزی سے پھیل رہا ہے، اس صورتحال میں بھی بہت سے ممالک کو اب تک اپنے ہیلتھ ورکرز کو وبا سے محفوظ رکھنے کیلئے کورونا ویکسین کی خوراک کی کافی مقدار موصول نہیں ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ تیزی سے پھیلنے والا کورونا وائرس ’ڈیلٹا‘ سب سے پہلے انڈیا میں سامنے آیا تھا اور اب یہ ایک سو چار سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے جبکہ عالمی سطح پر ویکسین کی فراہمی بہت حد تک ناہموار اور غیر منصفانہ ہے۔
عالمی ادارہ صحت کی چیف سائنسدان سومیا سوامی ناتھن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ڈبلیو ایچ او کو ابھی تک ایسے ثبوت نہیں ملے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہو کہ ویکسین کا مکمل کورس کرنے والوں کو بوسٹر خوراکوں کی ضرورت ہو، اگرچہ ایک دن بوسٹر یا تیسری خوراک ضروری ہو سکتی ہے تاہم ابھی اس کی ضرورت سے متعلق کوئی ثبوت نہیں ہے۔

ٹیگز: